نظام آباد میں دیپاولی کے موقع پر قمار بازی کے 100 کیسس: پولیس کمشنر

   


نظام آباد۔ 25؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ پولیس کمشنر مسٹر ناگاراجو نے بتایا کہ دیپاولی کے موقع پر ضلع میں 100 قمار بازی کے کیسس درج کرتے ہوئے 587 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 908570 روپئے برآمد کئے گئے۔ مسٹر ناگاراجو نے بتایا کہ 22؍ اکتوبر سے 25؍ اکتوبر کی صبح 7 بجے تک قمار بازی کے اڈہ پر ڈیویژن سطح پر نگاہ رکھتے ہوئے مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ڈیویژن میں سب سے زیادہ 372 افراد کو گرفتار کیا گیا 58 کیسس درج کئے گئے اور 5 لاکھ 62 ہزار 590 روپئے برآمد کئے گئے۔ آرمور ڈیویژن میں 21 کیسس درج کرتے ہوئے 108 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ایک لاکھ 53 ہزار 880 روپئے برآمد کئے گئے۔ بودھن ڈیویژن میں 21 کیسس درج کرتے ہوئے 107 افراد کو گرفتار کیا گیا 1لاکھ 92 ہزار 100 روپئے برآمد کئے گئے۔ نظام آباد کمشنریٹ میں جملہ 100 کیسوں میں 587 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 9 لاکھ 08 ہزار 570 روپئے برآمد کئے گئے اور دیپاولی کے روز خصوصی طور پر کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے ٹیموں کو تشکیل دی گئی تھی جس کے باعث بڑے پیمانے پر مقدمات درج کئے گئے۔