نظام آباد۔ 14 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد میں آج اچانک ہوئی بارش کی وجہ سے شہریان کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آج 2 بجے کے بعدا چانک موسم تبدیل ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز رفتار بارش شروع ہوگئی ۔ بارش کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوگیا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے انتظامات صحیح نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے اہم ترین علاقوں کی سڑکیں جھیل کا منظر دکھائی دے رہی تھی ۔ بالخصوص بودھن روڈ پر واقع پانی کی ٹانکی تاگیسٹ ، فروٹ مارکٹ تا سمنٹ شاپ اس کے علاوہ محبوب سبحانی چھلہ کی روڈ جھیل میں تبدیل ہوگئی اور راہ گیروں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بودھن روڈ پر معمولی بارش بھی اس علاقہ کی عوام اس سے متصلہ کالونیوں کی عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر نظام آباد کی ترقی کیلئے کروڑوں روپئے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن بودھن روڈپر بارش کا پانی کی نکاسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اس بات سے اچھی طرح واقف ہونے کے باوجود بھی مستقل انتظامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف عوام بلکہ اس علاقہ میں کاروبار کرنے والے دکانداروں کو بھی مشکلات پیش آرہی ہے ۔ عوام کی جانب سے بار بار اپیل کے باوجود بھی اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے مسلسل اس مسئلہ کو اقف کرانے کے باوجود بھی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جانے پر عوام کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔