صدر کانگریس سونیا گاندھی کی ہدایات جاری۔ 15 افراد پر مشتمل ٹیم اور 2 ڈاکٹرس ہمیشہ دستیاب
نظام آباد : ملک گیر سطح پر کورونا کی وباء کے پیش نظر کل ہند کانگریس صدر سونیا گاندھی، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی اپیل پر نظام آباد میں ضلع کانگریس بھون میں کوویڈ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیایہ بات ضلع کانگریس صدر موہن ریڈی، اربن کانگریس انچارج طاہر بن حمدان، ٹاؤن کانگریس صدر کیشو و نینو رورل کانگریس کے انچارج ڈاکٹر بھوپت ریڈی نے آج صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ کنٹرول روم 24 گھنٹے عوام کے لئے دستیاب رہے گا اور 15 افراد پر مشتمل ٹیم اور 2 ڈاکٹرس کونسلنگ سنٹرس پر دستیاب رہیں گے۔ دیہی علاقہ سے آنے والے مریضوں کی رہنمائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی سطح پر آکسیجن اور ویکسین کی شدید قلت ہے لہذا ریساتی حکومت فوری طور پر آکسیجن اور ویکسین کی فراہمی کے لئے اقدامات کرے۔ ڈاکٹر بھوپت ریڈی نے کہاکہ آزادی کے 70 سال بعد بھی ملک کے حالات سنگین ہوتے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ کی وباء کے مقابلہ میں دوسرے مرحلہ کی وباء ہے۔ آکسیجن، وینٹی لیٹر، بستر، ڈاکٹرس کی شدید قلت سے متحدہ ضلع میں 3 ارکان پارلیمنٹ، ایک وزیر، 4 ارکان اسمبلی ہونے کے باوجود بھی مریضوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور ریاستی وزیر پرشانت ریڈی جائزہ اجلاس میں اس بات کو واضح کیاکہ آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے اور ڈاکٹرس کی قلت بھی نہیں ہے۔ حقیقت اس کے برخلاف ہے لہذا پرشانت ریڈی زمین حقائق پر جائزہ لیتے ہوئے کام کریں تو بہتر ہوگا۔ پی سی سی سکریٹری جی گنگادھر نے بتایا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضلع کانگریس کی جانب سے بڑے پیمانے پر مریضوں کی امداد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ طاہر بن حمدان نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہمیشہ دکھ درد میں عوام کا ساتھ دیتی ہے اور اسی کے تحت ضلع کانگریس کی جانب سے ہیلپ ڈیسک قائم کرتے ہوئے مریضوں کی مدد کی کوشش کی جارہی ہے لہذا اس سے استفادہ کریں۔