نمائندہ ’’سیاست‘‘ کی توجہ دہانی پر ایم ایل سی کے کویتا کا مثبت جواب، مسلمانوں کو راحت کی اُمید
نظام آباد :قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا نے آج نمائندہ سیاست کو مسیج روانہ کرتے ہوئے تیقن دیا کہ اقلیتی علاقہ میں عنقریب کوویڈ سنٹر قائم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نمائندہ سیاست نے آج کے کویتا کو مسیج روانہ کرتے ہوئے تفصیلی طور پر واقف کراتے ہوئے بتایا کہ نظام آباد کے اقلیتی علاقہ میں کوویڈ سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے شہر کی آبادی میں 40 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہے لیکن مسلم علاقہ میں کوئی طبی سہولتیں دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام کو نہ صرف کوویڈ کے موقع پر بلکہ عام دنوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل میں نظام آباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے اضلاع مہاراشٹرا کے کوویڈ مریض کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے شہر کی عوام بالخصوص مسلمانوں کو بیڈس نہیں مل رہے ہیں جس سے مجبوراً خانگی دواخانوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے اور خانگی دواخانے کی عوام کی لوٹ کھسوٹ قابل لحاظ ہے اور یہ غریب و متوسط طبقہ کے مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ جس کی وجہ سے غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو علاج و معالجہ کیلئے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بسا اوقات میں جان سے بھی ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے اور گذشتہ چند دنوں سے سیاست نیوز کی جانب سے مسلسل ضلع انتظامیہ و ضلع کلکٹر اور مقامی قائدین کو اس جانب مبذول کراتے ہوئے مسائل سے واقف کروایا جارہا ہے اور ضلع کلکٹر کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی اقدامات نہ کئے جانے پر سیاست نیوز نے کے کویتا کو تفصیلی طور پر اس بات سے واقف کرانے پر کے کویتا نے اس خصوص میں فوری طور پر جواب دیتے ہوئے عنقریب اقلیتی علاقہ میں کوویڈ سنٹر قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اب مسلم علاقہ میں کوویڈ سنٹر قائم ہوتا ہے تو مسلمانوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
