نظام کی آرام گاہ کو 50کروڑ کے خرچ سے ترقی کا بھی مطالبہ : محمد وحید احمد
حیدر آباد: رکن وقف بورڈ مولوی وحید احمد ایڈوکیٹ کی قیادت میں سید اکبر حسین . مفتی ڈاکٹر محمد مستان علی قادری ، سید فہیم ، محمد عظمت اللہ خان، منان جاہ، مرزا امتیاز بیگ، عبدالرحیم اور دیگر نے مسجد جودی کنگ کوٹھی پہنچ کر حیدرآباد دکن ریاست کے حکمران حضور نظام میر عثمان علی آصف جاہ بہادر کی 55 برسی کے موقعہ پر چادر گل پیش کی اور نظام حیدآباد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعہ پر سابق صدر نشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن سید اکبر حسین نے میر عثمان علی آصف جاہ کو دنیا کا عظیم حکمران قررار دیا اور ان کے کارناموں کو سراہا۔رکن وقف بورڈ وحید احمد نے کہا کہ دکن ریاست کے حکمرانوں نے ملک کی ترقی اور حفاظت کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا اور ہندوستانی حکومت کی مدد کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر مالی امداد فراہم کی اور کئی تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے گزارش کی کہ اس عظیم شخصیت کی برسی کے موقعہ پر عام تعطیل کا اعلان کریں۔ اور ان کے تاریخی کارناموں کو اسکولی اور کالجس کے نصاب میں شامل کیا جانا چاہئے اور آنے والی نسلوں کو ان کے تاریخی کارناموں سے واقف کروانا چاہئے ۔ اور ان کی آخری بارگاہ کو 50 کڑوڑ کی لاگت سے تاریخی عمارت بنایا جائے ۔