نظام دور حکومت کے نایاب چاندی کے سکے ضلع کریم نگر میں برآمد

   

کریم نگر۔/25 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں حضور نظام کے دور کے چاندی کے سکے برآمد ہوئے۔ قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو تما پور منڈل کے گولا پلی میں چاندی کے سکے نظر آئے۔ گاؤں کے مضافات میں مزدوروں کو ایک چھوٹا سا مٹی کا برتن ملا جس میں 27 چاندی کے سکے تھے۔ وہاں موجود مزدوروں نے سکے آپس میں تقسیم کرلئے تھے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی تحصیلدار کنکیا نے دیگر افسران کے ساتھ گاؤں کا دورہ کیا اور جانچ کی ۔ چند سکے برآمد ہونے کے بعدحکام نے مزدوروں سے کہا کہ وہ باقی کے سکے حکومت کے حوالے کردیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ سکے 1869 سے 1911 تک زیر گردش تھے۔