نظام رباط مکہ مکرمہ میں عازمین حج کیلئے موثر انتظامات

   

ناظر جناب حسین محمد الشریف کی عازمین سے ملاقات، بہتر سہولتوں پر عازمین کا اظہار تشکر
حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں عازمین حج کے پیام کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں اور سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین نے ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف کی غیر معمولی خدمات کو سراہا ہے۔ سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کا رباط میں قیام کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا تھا۔ تلنگانہ کے 33، مہاراشٹرا کے 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین حج کے کور نمبرس کو شامل کرتے ہوئے قرعہ اندازی انجام دی گئی۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے حج کمیٹی آف انڈیا اور تلنگانہ حج کمیٹی سے مسلسل اشتراک کرتے ہوئے عازمین حج کو رباط کی عمارت میں بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ناظر رباط وقتاً فوقتاً رباط کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ نظام اسٹیٹ کے عازمین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ناظر رباط سے اظہار تشکر کیا۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی مستقل عمارت نہیں ہے لہٰذا ہر سال علیحدہ مقامات پر عمارت کو کرایہ پر حاصل کیا جاتا ہے۔ رباط کی عمارت سے قریب بس اسٹینڈ موجود ہے جہاں 3 منٹ میں پہنچا جاسکتا ہے۔ بس اسٹینڈ سے حرم کے لیے بسوں کی سہولت موجود ہے۔ رباط کی عمارت سے ہاسپٹل کا فاصلہ دو منٹ میں طے کیا جاسکتا ہے۔ عازمین کے لیے کچن اور گیاس سلینڈر کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور عازمین اپنے طور پر پکوان کرسکتے ہیں۔ ناظر رباط نے کہا کہ وہ عازمین حج کی خدمت کو اعزاز تصور کرتے ہیں اور ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات ان کی اولین ترجیح ہے۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو 40 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی اور یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا واپس کرے گی۔ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ علاقہ میں رباط کی عمارت حاصل کی گئی ہے۔ اسی دوران رباط میں مقیم عازمین حج کی منٰی روانگی کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کئے گئے۔ حج کمیٹی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف رباط میں قیام کرتے ہوئے عازمین حج کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ وہ حج انسپکٹرس سے مسلسل ربط میں ہیں اور انہیں عازمین کی موثر رہنمائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی واپسی پر ان کا استقبال کیا جائے گا اور وطن واپسی تک انہیں رباط میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 1