نظام رباط میں عازمین حج کے قیام کیلئے قرعہ اندازی ملتوی

   

سافٹ ویر فراہم کرنے سے حج کمیٹی آف انڈیا کا انکار، مینول قرعہ اندازی میں دشواریاں

حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کی سہولت کا معاملہ تعطل کا شکار ہوچکا ہے۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے تلنگانہ حج کمیٹی کے اشتراک سے 29 اپریل کو قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن حج کمیٹی آف انڈیا نے قرعہ اندازی کیلئے درکار سافٹ ویر کی فراہمی سے انکار کیا ہے لہذا کل 29 اپریل کی قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی۔ ناظر رباط نے سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 543 عازمین حج کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے سعودی عرب حکومت سے تصریح حاصل کی۔ سابق میں حج کمیٹی آف انڈیا کے سافٹ ویر کا استعمال کرتے ہوئے قرعہ اندازی کی گئی اور نظام رباط میں قیام کیلئے عازمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا۔ اس مرتبہ بھی امید تھی کہ حج کمیٹی آف انڈیا درکار سافٹ ویر فراہم کرے گا تاکہ قرعہ اندازی میں سہولت ہو۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سافٹ ویر کی فراہمی سے معذرت کرلی اور اپنے طور پر متبادل انتظامات کا مشورہ دیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سافٹ ویر میں قرعہ اندازی سے متعلق سہولت موجود نہیں ہے اور کم وقت میں حج کمیٹی کیلئے قرعہ اندازی میں معاون سافٹ ویر تیار کرنا آسان نہیں ہے۔ وزارت اقلیتی امور 29 اپریل سے حج سویدھا موبائیل ایپ کا آغاز کررہی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ 9 مئی سے کئی امبارکیشن پوائنٹس بشمول حیدرآباد سے حج پروازوں کا آغاز ہورہا ہے لہذا حج کمیٹی فلائیٹ شیڈول اور عازمین کے انفرادی فلائیٹ شیڈول الاٹمنٹ میں مصروف ہے۔ موجودہ حالات میں تلنگانہ حج کمیٹی کو رباط کی قرعہ اندازی کیلئے اپنے طور پر انتظامات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے مکتوب کے بعد کل 29 اپریل کی قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مینول قرعہ اندازی میں کافی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ 45 اضلاع کے عازمین حج کے نام کی چٹھیاں تیار کرنی ہوں گی اور قرعہ اندازی بھی طویل ہوجائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سافٹ ویر کے حصول کی صورت میں پانچ تا دس منٹ میں قرعہ اندازی مکمل ہوسکتی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی نے مرکزی وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کے ذمہ داروں سے ربط قائم کیا ہے تاکہ سافٹ ویر حاصل کیا جاسکے۔ درکار سافٹ ویر یا پھر مینول قرعہ اندازی کا فیصلہ بہت جلد کیا جائے گا۔ اسی دوران ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے بتایا کہ انہوں نے رباط کیلئے عمارت حاصل کرلی ہے اور منتخب عازمین کیلئے قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ رباط کی سہولت ملنے پر فی عازم تقریباً 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی اور حج کمیٹی یہ رقم واپس کرے گی۔1