حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بند پڑی نظام شوگرس لمٹیڈ کو جلد ہی دوبارہ شروع کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت ، اس سلسلہ میں مقرر کی گئی کمیٹی کی جانب سے اس کی رپورٹ داخل کرنے کے بعد جلد ہی اس شوگر فیاکٹری کی بحالی پر قطعی فیصلہ کرے گی ۔ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر فینانس ملو بھٹی وکرامارکا نے کہا ’ نظام شوگرس لمٹیڈ کو جو کبھی تلنگانہ کا فخر ہوا کرتی تھی ، مختلف مسائل کے باعث بند کردیا گیا ہے ۔ اب تک کسی نے بھی اسے دوبارہ شروع کرنے کے سلسلہ میں دلچسپی نہیں دکھائی ہے ۔ لیکن ریاست میں کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد وعدہ کے مطابق ہم نے نظام شوگرس لمٹیڈ کو جلد بحال کرنے کے لیے جنوری 2024 میں ایک کمیٹی مقرر کی ۔ تلنگانہ عوام کے دیرینہ خواب ، نظام شوگرس لمیٹیڈ کو پھر سے شروع کیا جائے گا ‘ ۔ شوگر فیاکٹری ریویول کمیٹی چیرمین اور ریاستی وزیر صنعت ڈی سریدھر بابو اور ارکان اور وزراء دامودر راج نرسمہا اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے بودھن اور متیم پیٹ میں نظام شوگر فیاکٹریز کو دوبارہ کھولنے کے لیے رپورٹ کو قطعیت دینے کے لیے کہا گیا ہے ۔۔