حیدرآباد۔ 29 اگسٹ : صدر پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں کیونکہ وہ کانگریس کی جانب سے دلت بندھو اسکیم پر پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر دونوں تلگو ریاستوںک ے عوام کے علاقائی جذبات کو بھڑکا رہے ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے ۔ ریونت ریڈی نے کومپلی میں بودھن اسمبلی حلقہ کے پارٹی ورکرس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیف منسٹر ناقابل شکست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے سیاسی کیرئیر میں سنگل ونڈو ڈائرکٹر اور ایم ایل اے انتخاب میں شکست کھاچکے ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق وزیر پی سدرشن ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سدرشن ریڈی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کی جانب سے تلنگانہ کے حق میں فیصلہ کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں ریتو دیکشا کے کامیاب انعقاد کی وجہ سے بھی انہیں ( ریونت کو ) صدر پردیش کانگریس کا عہدہ حاصل کرنے میں مدد ملی ہے ۔ چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ اقتدار پر آنے کے 100 دن میں نظام شوگر فیکٹری کھولنے کے وعدہ کا کیا ہوا ہے ؟ ۔ اس وعدہ کی عدم تکمیل پر ہی نظام آباد سے چیف منسٹر کی دختر کے کویتا کو شکست ہوئی ہے ۔