نظام صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے: کلکٹر

   


پلے پرگتی، ہریتا ہارم و دیگرامور پر عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس
پداپلی: نظام صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔پلے پرگتی، ہریتا ہارم اور دیگرامور پر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ بروز ہفتہ ضلع کلکٹرنے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مواضعات میں نظام صفائی روزانہ کا کام ہے۔ متعلقہ عہدیداران ہر روز بنیادی سطح سے ان کاموں کی تنقیح کریں۔ مواضعات میں نظام صفائی، پودوں کی افزائش سے متعلق ریاستی وزیر اعلیٰ سے لے کر کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس یا دیگر اعلیٰ عہدیداران کسی بھی وقت تنقیح کرسکتے ہیں۔ ضلع میں بنیادی ترجیح ڈرینیج سے ملبہ کی صفائی ہے۔ اس کے لئے ضرورت پڑنے پر عارضی طور پر زائد مزدوروں کا انتظام کیا جائے۔ ضلع میں موسم برسات کی آمد کے پیش نظر موسمی امراض سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ محکمہ پنچایت، بلدیہ اور محکمہ طب کے عہدیداران آپسی تال میل سے کام کرتے ہوئے ضروری اقدامات کریں۔ ضلع کے مواضعات، بلدیات میں ہر روز 100% گھر گھر جاکر کچرا موصول کیاجائے۔ مواضعات اورشہروں میں موجود سرکاری دفاتر، سرکاری اداروں میں نظام صفائی کی ذمہ داری مجالس مقامی کی ہوگی۔ ضلع میں ہر روز پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے تحت ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ضلع کے پانی کے ٹینکروں کو وقتًا فوقتًا صاف کیا جائے۔ ہریتا ہارم کے تحت شجرکاری کے لئے گڑھوں کو کھود کرتیار رکھا جائے۔ ضلع کے ہر منڈل میں وسیع پیمانے پر پارک کے قیام کے لئے 10 ایکر اراضی اور ساتھ ہی ضلع میں میگا نرسری کے قیام کے لئے 10 ایکر اراضی کی نشاندہی کی جائے۔