نظم و نسق میں کرپشن کے خاتمہ کا چیف منسٹر کا اعلان مضحکہ خیز

   

Ferty9 Clinic

ریونیو ڈپارٹمنٹ کے انضمام کی مخالفت، ملو روی اور سمرسمہا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نظم و نسق میں کرپشن کے خاتمہ سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ پانچ برسوں کے بعد چیف منسٹر کو ریونیو عہدیداروں کے کرپشن کا خیال کیوں آیا۔ سابق وزیر ڈی کے سمرسمہا ریڈی اور سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ریونیو اور دیگر محکمہ جات میں کرپشن کے خاتمہ کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں جب ریاست میں کرپشن عروج پر تھا ، اس وقت کے سی آر کو یہ خیال کیوں نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن میں چیف منسٹر کے دفتر سے لے کر نچلی سطح کے ملازمین ملوث ہیں لیکن چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ مجالس مقامی کے انتخابات سے عین قبل ریونیو ڈپارٹمنٹ کو کسی اور ڈپارٹمنٹ میں ضم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل انتخابات میں سرکاری ملازمین اور اساتذہ نے حکومت کے خلاف ووٹ دیا تھا جس سے ناراض ہوکر چیف منسٹر سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں عوام کو گمراہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ سمر سمہا ریڈی نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے ۔ ملو روی نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں حکومت کے خلاف خاموش رائے دہی ہوئی ہے اور کانگریس پارٹی کے حق میں عوام نے اپنی تائید کا اعلان کیا ۔ کانگریس قائدین نے کے سی آر پر ڈکٹیٹر کی طرح حکمرانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اجلاس میں کے سی آر کی تقریر سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے۔ کے سی آر نظم و نسق پر کسی تجربہ کے بغیر اظہار خیال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء اپنی مرضی کے مطابق قوانین تیار کرنا چاہتے ہیں۔ سمر سمہا ریڈی نے چیف منسٹر کے اس ریمارک پر شدید اعتراض کیا کہ ضلع کلکٹرس کو وزراء کے حوالے کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کے اختیارات وزراء کو تفویض کرتے ہوئے ڈمی وزراء کی موجودگی میں چیف منسٹر درپردہ من مانی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ سابق میں این ٹی راما راؤ نے بھی نظم و نسق کے بارے میں غلط فیصلے کئے تھے جس پر عدالت نے ان کی سرزنش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دستور سے کوئی شخص بالاتر نہیں ہے اور چیف منسٹر کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ وہ دستور ہند کے خلاف کوئی فیصلہ یا قانون نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی من مانی پر کانگریس پارٹی خاموش نہیں رہے گی ۔ سمرسمہا ریڈی نے آئی اے ایس عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ چیف منسٹر کے دباؤ کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کو پنچایت راج میں ضم کرنے سے دیہی سطح پر سیاسی مداخلت میں اضافہ ہوگا۔