نرمل کے نئے اے ایس پی راجیش مینا کاخطاب
نرمل یکم / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نرمل سب ڈیویژن پولیس آفیسر مسٹر اے گنگا ریڈی کا نرمل سے تبادلہ عمل میں آیا اور انہیں ڈی جی پی آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ ساتھ ہی نرمل میں بحیثیت اے ایس پی راجیش مینا کی تعیناتی عمل میں آئی ۔ مسٹر راجیش مینا آئی پی ایس کا تعلق 2022 بیاچ سے ہے ۔ انہوں نے آج اے ایس پی نرمل کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا ۔ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے نمائندہ سیاست جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ان کی سب سے پہلی ترجیح نظم و نسق کی برقراری اور فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے ہوگی ۔انہوں نے ذمہ دار شہریوں سے اپیل کی کہ آج نئی نسل منشیات کی عادی ہوتے ہوئے اپنے مستقبل کو تاریکی میں ڈھکیل رہی ہے ۔ والدین پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ساتھ ہی شراب گانجہ اور منشیات کی موجودگی پر پولیس کو راست اطلاع دیں ۔ قانون تو اپنا کام کرے گا ہی تاہم والدین پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ نرمل سب ڈیویژن میں قبل ازیں 3 آئی پی ایس عہدیداروں نے خدمات انجام دیں ۔ جن میں انوراگ شرما کے ترپاٹھی اجالا اور موجودہ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندرا شامل ہے ۔ جنہوں نے نرمل میں بحیثیت اے ایس پی خدمات انجام دینے کے بعد ریاست کے اعلی عہدہ تک رسائی کی تھی ۔ اب یہ چوتھے آئی پی ایس عہدیدار ہیں۔ راجیش مینا جن کا تعلق ریاست راجستھان سے ہے ۔ انہوں نے سلسلہ گفتگو رکھتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص شکایت کنندگان راست ان سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت بیان کرسکتا ہے ۔ اس لئے کہ پولیس عوام کی مددگار ہے ۔ سماج میںکوئی اجنبی شخص یا غیر قانونی سرگرمیاں ہوں تو فوری پولیس کو اطلاع دیں ۔ ہم ہر وقت عوام کی مدد کیلئے تیارہیں۔ خاص طور پر امن و امان کی برقراری میں کسی بھی قسم کی کوئی بھی حرکت کرنے والے شرپسند افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ خواہ سماج میں ان کا رتبہ کچھ بھی ہو امن و امان کی برقراری ہی ہمارا نصب العین ہے ۔ واضح رہے کہ راجیش مینا کی بحیثیت اے ایس پی نرمل پہلی پوسٹنگ ہے ۔