اپوزیشن کے ہنگامہ پر پارلیمنٹ کی کارروائی دن بھرکیلئے ملتوی
نئی دہلی : لوک سبھا میں آج اس وقت ہنگامہ دیکھا گیا جب جمعرات کو لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی کیونکہ اپوزیشن اراکین نے ٹی شرٹس پہن کر ایوان میں احتجاج کیا اور پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کی حد بندی کے معاملے پر نعرے لگائے۔ کرشنا پرساد ٹینیٹی، جو کرسی میں موجود تھے نے اپوزیشن ارکان پر زور دیا کہ ایوان میں زراعت پر بحث ہو رہی ہے، ملک کے اتنے اہم موضوع پر آپ بحث نہیں ہونے دے رہے۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ تعاون کریں اور کارروائی کو آگے بڑھنے دیں۔جب انہوں نے تعمیل نہیں کی تو ٹینیٹی نے ایوان کو دن بھر کیلئے ملتوی کردیا۔جمعرات کو لوک سبھا میں اس معاملے پر بار بار التوا کا سامنا کرنا پڑا۔قبل ازیں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ڈی ایم کے ارکان کے نعرے لکھے ہوئے ٹی شرٹس پہننے پر اعتراض کیا اور کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں ایوان کے طریقہ کار کے اصولوں کے خلاف ہیں۔برلا نے کارروائی دوپہر تک ملتوی کر دی اور دوبارہ اجلاس پر بھی یہی صورتحال رہی۔ڈی ایم کے ممبران نے سفید ٹی شرٹس پہنے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے ’’منصفانہ حد بندی ٹاملناڈو لڑے گا، ٹاملناڈو جیتے گا۔برلا نے کہا کہ اراکین کو ایوان کی عزت اور وقار کو برقرار رکھنا ہوتا ہے لیکن کچھ ممبران پارلیمنٹ قواعد کی پیروی نہیں کر رہے ہیں اور وقار کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جو کہ قابل قبول نہیں ہے۔ اسپیکر نے ان ارکان کو ہدایت کی جو ٹی شرٹس پہن کر آئے تھے جن پر نعرے درج تھے ایوان سے باہر نکلیں اور وقار کو برقرار رکھتے ہوئے مناسب لباس پہن کر واپس آئیں۔انہوں نے پارلیمانی قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے ارکان سے کہا کہ غیر مہذب لباس قابل قبول نہیں ہے۔ باہر جائیں، اپنے کپڑے تبدیل کریں اور مناسب لباس پہن کر واپس آئیں۔ڈی ایم کے ممبران لوک سبھا میں اس وقت حد بندی کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اسپیکر نے ان کی درخواستوں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ مسئلہ حکومت کے ریڈار پر کہیں نہیں ہے کیونکہ آبادی کی مردم شماری ابھی باقی ہے۔