کوٹا : کورونا وائرس کی وباء نے ہندوستان میں بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ کیلئے نت نئے مسائل پیدا کردیئے ہیں ۔ ملک میں کہیں لوگ چیتا جلانے کے تک متحمل نہیں اور نعشوں کو ندیوں میں بہارہے ہیں ، تو کہیں لوگ ایمبولینس کے چارجس برداشت نہیں کرپارہے ہیں ۔ راجستھان کے ضلع کوٹا میں پیش آئے واقعہ میں ایک شخص اپنی بیٹی کی نعش کو جب ایمبولینس کے ذریعہ منتقل نہیں کرپایا تو اس نے کووڈ سے فوت بیٹی کو اپنی کار کی سیٹ سے باندھ کر شمشان گھاٹ کو منتقل کیا ۔ اس نے بتایا کہ ایمبولینس ڈرائیوروں نے جھالاوار تک تقریباً 85 کیلو میٹر طویل سفر کیلئے 35 ہزار روپئے طلب کئے ۔ وہ فوری طور پر یہ رقم کے انتظام سے قاصر تھا چنانچہ اس نے خود ہی نعش کو منتقل کیا ۔ کوٹا کے کلکٹر وجول راٹھور نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔