نفرت ، مخاصمت کیلئے کسی مذہب میں کوئی جگہ نہیں

   

شرپسندی پر قابو پانے عوام پولیس کا تعاون کریں ، اے سی پی بھینسہ کی نمائندہ سیاست سے بات چیت

بھینسہ 2/فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کا ہر شہری سب سے پہلے ایک ہندوستانی ہے اس لئے کسی بھی معاملہ کو دھرم اور مذہب کی نظر و سوچ سے نہ دیکھتے ہوئے آپسی بھائی چارگی اور قومی یکجہتی کے ذریعہ امن و امان کی فضا کو پروان چڑھائے ، کیونکہ کسی بھی مذہب میں نفرت ، عداوت اور آپسی مخاصمت و لڑائی جھگڑے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوتی اور کوئی بھی فرد یا معاشرہ نفرت اور لڑائی جھگڑوں سے ترقی نہیں کرسکتا ان باتوں کا ادعا بھینسہ اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ آف پولیس آئی پی ایس مسٹر کانتی لال سبھاش پٹیل نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد اپنے چیمبر میں ملاقات کے دوران بھینسہ نمائندہ سیاست اظہر احمد خان سے کیا انھوں نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحافت ملک کی جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور صحافی ہر ایک شعبہ جات اور محکمہ جات کی اطلاع کو عوام تک پہنچاتا ہے جس سے عوام کو فائدہ حاصل ہوتا ہے انھوں نے بھینسہ میں محکمہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان خوشگورا دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کا عزم کیا اور کہاکہ پولیس ہمیشہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی خدمات کو بخوبی متحرک انداز میں انجام دیتی ہے لیکن شہر کی ترقی اور امن وامان کی برقراری کو یقینی بنانے کیلیئے تمام طبقات کی عوام ایکدوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے جذبہ انسانیت کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے اور سماج میں موجود چند غیر قانونی سرگرمیوں اور شرپسند عناصر پر قابو پانے کے لیے تمام ذمہ دار شہری پولیس کا مکمل تعاون کرتے ہوئے اطلاع دیں کیونکہ کسی بھی شہر کی ترقی اس کے شہریوں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں کیونکہ پولیس شہر اور ڈیویزن کے حالات پر کڑی نظر مرکوز کئے ہوئے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے علاوہ شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس سخت سے سخت قانونی کاروائی کریگی انھوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ کسی بھی افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں اور اگر کوئی اطلاع ہوں تو پولیس کو ڈائل 100 پر ربط پیدا کریں اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر آف پولیس پراوین کمار بھی موجود تھے واضح رہیکہ بھینسہ میں گذشتہ 2020 اور 2021 میں پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد حکومت تلنگانہ نے امن و امان کی برقراری کیلئے سال 2021 مارچ میں بھینسہ پولیس سب ڈیویڑنل کے درجہ کو ترقی دیتے ہوئے آئی پی ایس کیڈر کے درجہ میں تبدیل کردیا اور (2017) بیاچ کے آئی پی ایس عہدیدار کرن کھرے کو بھینسہ میں پہلا آئی پی ایس آفیسر بحیثیت اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ آف پولیس مقرر کیا تھا تاحال مسٹر کانتی لال سبھاش پٹیل آئی پی ایس (2020) بیاچ کو مقرر کیا گیا جن کا تعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں سے ہے۔