نئی دہلی 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سماجی کارکن ہرش مندھر سے جمعہ کو کہاکہ سی اے اے کیخلاف یہاں احتجاج کے دوران نفرت انگیز تقاریر کرنے کے بارے میں دہلی پولیس کی طرف سے عائد کردہ الزامات پر اپنا جواب داخل کریں۔ تاہم عدالت عظمیٰ نے واضح کیاکہ ہرش مندھر کو وہ کوئی تحقیر عدالت کی نوٹس جاری نہیں کی ہے۔ اس درخواست پر آئندہ سماعت 25 اپریل کو ہوگی۔ دہلی پولیس نے چہارشنبہ کو اپنی درخواست میں کہا تھا کہ عدالت عظمیٰ اور اس کے ججوں کے بارے میں مبینہ اہانت آمیز ریمارکس پر ان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ہرش مندھر کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ دشیانت داوے نے کہاکہ سماجی کارکن سے موسوم بیان کا جائزہ لے چکے ہیں اور اس میں کچھ بھی توہین آمیز یا قابل اعتراض نہیں پایا گیا۔