نفرت و تعصب کے خاتمہ کیلئے تعلیمات ِنبویؐ بہترین نمونہ

   

حقوق کی ادائیگی پر زور ، شاد نگر میں جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا طاہر قاسمی ، مولانا پی ایم مزمل اور دیگر علماء کا خطاب
شاد نگر ۔31 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کی قدیم درسگاہ دارالعلوم سبیل الھدیٰ شادنگر میں ’’شان مصطفی اور پیام مصطفی‘‘ کے عنوان سے سیرت النبیؐ کا جلسہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر مولانا حافظ محمد طاہر قاسمی بانی و ناظم مرکزی ادارہ دارالعلوم سبیل الھدیٰ اور گرلز اسکول جامعہ الھدیٰ للبنات نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نبیؐ ، تمام جہاں والوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، آپؐ کی تعلیمات میں پوری انسانیت کی خیر و بھلائی ہے، ان تعلیمات کو فروغ دے کر انسانی اُخوت و بھائی چارگی کو قائم کیا جا سکتا ہے۔ ہر طرح کی نفرت و تعصب کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ آپؐ نے تمام انسانوں کو ایک ماں باپ کی اولاد قرار دیا، اس وجہ سے تمام انسان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ان کے درمیان رنگ و نسل اور قوم و وطن کی بنیاد پر کوئی اونچ نیچ اور چھوت چھات نہیں ہے۔ مسلمان صحیح طور پر تمام انسانوں کو اُسی وقت اسلام کی دعوت دے سکتے ہیں جب آپس میں اتحاد اور یکجہتی ہو مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، ان کا باہمی اتحاد و بھائی چارہ ایک مضبوط عمارت کی طرح ہے مسلمانوں کا یہ ملی اتحاد اسی وقت تک باقی رہ سکتا جب وہ نبیؐ کی تعلیمات کی روشنی میں ایک دوسرے کے حقوق اچھی طرح ادا کریں۔ مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر تلنگانہ مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ نے کہا شانِ ختم نبوت سیرت النبیؐ کا سب سے زیادہ اہم اور نمایاں پہلو ہے حضرت محمدﷺ کو آخری نبی تسلیم کرنا اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے مولانا محمد بانعیم نائب ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا نے اپنے خطاب میں کہا آج ہمارے نوجوان دینی تعلیم سے دور اور سیرتِ نبویؐ سے ناواقف ہیں ، اس کی وجہ سے وہ اپنے رہن سہن اور زندگی گزار نے میں نبیؐ کی سنتوں کو اختیار کرنے کی بجائے غیروں کی نقّالی کررہے ہیں شہر بنگلور سے تشریف لائے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا پی۔ایم مزمل نے کہا نعتیہ اشعار پیش کرنا عین عبادت اور سعادت ہے نعتیں پڑھنا چاہیے اور اپنے بچوں کو بھی نعت پڑھنے کی تربیت دینا چاہیے اُمت مسلمہ کو نبیؐ کی تعلیمات اور اخلاق کو اپنانا چاہیے ۔ قبل ازیں قاری محمد صاحب کی تلاوت سے جلسہ کا آغاز ہوا مولانا محمد صفوان عمیر ندوی امام و خطیب قباء مسجد نے ہدیہ نعت پیش کی ۔محمد عمران محمد فرقان اور مدرسہ کے معلمین و طلباء نے انتظامات میں حصہ لیا۔ جلسہ میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔حافظ محمد عمران نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔مولانا پی ایم مزمل والا جاہی کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔