نفرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے صدر سے نمائندگی

   

نئی دہلی ، 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کئی غیرکانگریس اپوزیشن پارٹیوں نے صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اُن سے حکام کو ہدایت دینے کی اپیل کی ہے تاکہ تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی دہلی میں امن کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے ملزموں کے خلاف کارروائی ہوسکے۔ مختلف پارٹیوں جیسے این سی پی، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی، آر جے ڈی، ایل جے ڈی، ڈی ایم کے اور عآپ نے قومی دارالحکومت کی صورتحال پر بات چیت کیلئے صدر کووند سے وقت بھی مانگا ہے۔ ان پارٹیوں کے قائدین نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ’’فوری قیام امن ضروری ہے اور متعلقہ حکام جیسے لیفٹننٹ گورنر دہلی جو راست طور پر آپ کو جوابدہ ہیں، انھیں ہدایت دی جائے تاکہ معمول کے حالات کی تیزی سے بحالی یقینی ہوجائے اور یہ بھی کہ اُن تمام کے خلاف ایف آئی آر ضرور درج کیا جانا چاہئے جنھوں نے نفرت پر مبنی اشتعال انگیز تقاریر کئے اور اس کے نتیجے میں تشدد کے مرتکبین کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔‘‘ کانگریس نے جمعرات کو صدر سے ملاقات کرتے ہوئے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں معمول کی صورتحال اور امن کی بحالی چاہی تھی۔