نفرت پھیلانے والوں کی خیر نہیں: امارتی شہزادی حند

,

   

دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شہزادی حند بنت فیصل ال قاسم نے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نفرت پھیلانے والوں بالخصوص امارات میں مقیم تارکین وطن کے خلاف کمر کس لی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو سبق سکھانے کا منصوبہ بندی کرلی ہے۔ حال ہی میں انھوں نے

’Angels of Mercy‘
تشکیل دیتے ہوئے ایسے نٹیزنس کا پتہ چلانا شروع کیا ہے جو سوشل میڈیا پر اسلاموفوبیا پر مبنی مواد پوسٹ کرتے ہیں۔ حند بنت فیصل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ ہم نے ’’اینجلس آف مرسی‘‘ تشکیل دیا ہے جہاں یو اے ای میں اسلام کے خلاف زہرافشانی کرنے والوں کا پتہ چلایا جائے گا، ان کو پکڑ کر ملک بدر کردیا جائے گا۔ ایسے افراد سے وابستہ لوگوں کو بھی جوابدہ بنایا جائے گا۔ حند بنت فیصل نے واضح کیا کہ وہ اظہار خیال کی آزادی کی تائید کرتی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی کچھ بھی کہہ دے یا لکھ ڈالے۔ انھوں
نے آزادانہ اظہارِ خیال اور نفرت پر مبنی باتوں کے درمیان خط فاصل کھینچی۔ انھوں نے زور دیا کہ آزادانہ اظہار خیال مباحث کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جبکہ نفرت کی باتیں تشدد پر اُکساتی ہیں۔ ’’اینجلس آف مرسی‘‘ کے رول کی وضاحت کرتے ہوئے شہزادی حند نے ٹوئٹ کیا کہ نفرت پھیلانے والوں کے خلاف شواہد اکٹھا کئے جائیں گے، اُن کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جائیں گی۔ اس کی جانچ میں سب آئیں گے، مذہب کی تخصیص نہیں ہوگی۔