نفرت کا ماحول ملک کیلئے نقصان دہ: جماعت اسلامی ہند

   

نئی دہلی: منی پور میں المناک نسلی تشدد تقریبا تین ماہ سے جاری ہے ۔ اتنے عرصے تک کسی بھی تشدد کا جاری رہنا، انسانیت کے لئے باعث شرم ہے ۔ یہ ریاستی اور مرکزی دونوں سطحوں پر حکمرانوں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے بروقت کارروائی کی جاتی تو تشدد کو روکا جاسکتا تھا جس سے کئی قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں اور عبادت گاہوں پر حملے کو روکا جاسکتا تھا۔ یہ باتیں نائب امیرجماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم نے مرکز، نئی دہلی میں منعقدہ آج کے پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس تشدد سے اشارہ ملتا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کو عدم تحفظ، امتیازی سلوک، پسماندگی اور انتظامیہ و سیاست میں نمائندگی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ منی پور میں بے بس خواتین کو برہنہ پریڈ کرائے جانے کے غیر انسانی رویے نے پورے ملک کو شرمسار اور خواتین کے تحفظ اور ان کے وقار کو شدید چوٹ پہنچایا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ حالات کو معمول پر لانے کیلئے فوری مناسب اقدامات کرے اور قصورواروں کو سخت سزا دے ۔