نفرت کی سیاست کے خاتمہ کیلئے ہر شہری کو آگے آنے کی ضرورت

   

فرقہ پرست طاقتوں سے ٹکرانے کا عزم رکھتی ہوں ، عادل آباد سے کانگریس کی متوقع امیدوار اے سگنا کا انٹرویو

نرمل /24 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ لوک سبھا عادل آباد کی متوقع کانگریس امیدوار محترمہ اے سگنا نے دفتر سیاست نرمل میں نمائندہ سیاست جلیل ازہر سے ملاقات کی اور بتایا کہ ملک میں نفرت کی سیاست کے خاتمہ کیلئے ہر طبقہ کے ہر شہری کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ فرقہ پرست طاقتوں سے ٹکرانے کی مجھ میں ہمت ہے ۔ اسی لئے میں نے سرکاری ملازمت کو چھوڑ دیا ۔کانگریس ہائی کمان کے اس تیقن کے بعد کے وہ مجھے کانگریس پارٹی کا امیدوار بنائیں گے میں تمام طبقات کے ذمہ دار شہریوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ملک میں امن و امان اورملک کی ترقی کیلئے کانگریس کو مضبوط کریں ۔ جس جماعت کا سو سال سے بڑھ کر تجربہ ہے بی جے پی کا کوئی ایجنڈہ نہیں ہے ۔ سوائے ہندو مسلم کے یہ مذاہب کی بنیاد پر اپنی سیاسی دکان چلا رہی ہے نہ تو روزگار کی فکر ہے نہ ہی مہنگائی کی طرف کوئی توجہ ہے ۔ انہیں صرف اور صرف سرمایہ داروں کو اور بھی مستحکم بنانے کی فکر ہے ۔ مجھے ہائی کمان نے امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ میں تمام طبقات کا تعاون چاہتی ہوں ۔ اس موقع پر سید جلیل ازہر نے اے سگنا کی پہلی مرتبہ دفتر سیاست پر آمد اور ملاقات پر تہنیت پیش کی ۔ مسٹر محمد ذیشان علی یوتھ کانگریس لیڈر اور محترمہ کے حامیوں کی تعداد بھی موجود تھی ۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ حلقہ لوک سبھا عادل آباد سے پہلی مرتبہ کانگریس ہائی کمان ایک خاتون آدی واسی کو اپنا امیدوار بنارہا ہے ۔ اس لئے کہ یہ نشست ایس ٹی طبقہ کیلئے محفوظ ہے ۔ بی جے پی نے پہلے ہی اپنے امیدوار کا اعلان کردیا جو بی آر ایس سے استعفی دیکر بی جے پی میں شامل ہوئے جن نگیش آثار و قرائین سے صاف ظاہر ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں حلقہ لوک سبھا عادل آباد میں مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہوگا ۔