نفرت کے سوداگروں کو سرزمین تلنگانہ سے شکست دیں : پرینکا گاندھی

,

   

دیش ، دستور اور تحفظات کو محفوظ رکھنے کے لیے کانگریس کو کامیاب بنائیں ، پارٹی جنرل سکریٹری تانڈور اور کاماریڈی میں خطاب
حیدرآباد 11 مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک کو نفرت کا تحفہ دینے والی بی جے پی کو تلنگانہ کی سرزمین سے شکست دے کر دیش ۔ دستور اور تحفظات کو بچانے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔ تانڈور میں جلسہ اور کاماریڈی میں کارنر میٹنگس سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور چیوڑلہ کانگریس امیدوار رنجیت ریڈی اور ظہیر آباد کے امیدوار سریش شٹکار کے علاوہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کے و دیگر کانگریس قائدین موجود تھے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کے ارکان خاندان نے ملک کیلئے قربانی دی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی ، جواہر لعل نہرو سے راجیو گاندھی تک جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں ۔ ملک کیلئے میری ماں نے منگل سوتر کو قربان کیا ہے ۔ میرے بھائی کو پارلیمنٹ سے نکالا گیا ۔ ملک کی کئی ریاستوں میں جھوٹے مقدمات درج کئے ہیں مگر ہم ڈر نہیں بلکہ ڈٹے رہے ہیں ۔ میرے بھائی کو شہزادہ قرار دیا جارہا ہے ۔ جب کہ میرے بھائی نے عوامی مسائل کو جاننے کیلئے چار ہزار کلو میٹر پدیاترا کی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی ملک کو مذہبی اشتعال انگیزی سے بانٹ رہے ہیں ۔ اگر اس مرتبہ بی جے پی کامیابی حاصل کرتی ہے تو دستور محفوظ نہیں رہے گا ۔ تحفظات ختم کردئیے جائیں گے ۔ تلنگانہ عوام نے اسمبلی انتخابات میں تبدیلی اور بدلاؤ کو ترجیح دی ہے ۔ ’ اب ڈبل آر ‘ آپ کے سامنے ہے ۔ تلنگانہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ہے اور دہلی میں راہول گاندھی آپ کے سپاہی بن کر کام کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام سے وعدوں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی پورا کررہے ہیں ۔ اب دیش میں تبدیلی اور بدلاؤ کا وقت آگیا ہے ۔ اس کی شروعات بھی تلنگانہ سے ہونی چاہئے ۔ یہ الیکشن ملک کی سالمیت اور بقا کیلئے کافی اہم اور کانگریس کا کامیاب ہونا انتہائی ضروری ہے ۔ یہ ملک بھائی چارہ ، محبت اور سچائی کی بنیاد پر کھڑا ہے ۔ آزادی کے بعد سے سماج کے تمام لوگ بھائی بھائی کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہتے ہیں تاہم یہ اتحاد نفرت کے ٹھیکیداروں کو پسند نہیں آرہا ہے ۔ صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے نفرت پھیلاتے ہوئے عوام کو خانوں میں بانٹا جارہا ہے ۔ بی جے پی نے 10 سال تک ملک پر حکمرانی کی ہے مگر وزیراعظم نریندر مودی غربت کا خاتمہ کرنے روزگار فراہم کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے اور وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ انہوں نے 10 سال تک عوام کی توقعات کے خلاف کام کیا ہے ۔ کارپوریٹ اداروں کے 16 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض معاف کئے ہیں مگر کسانوں کے قرض کا ایک روپیہ بھی معاف نہیں کیا ہے ۔ عوامی شعبہکو بند کردیا گیا یا خانگی شعبوں کے حوالے کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے بھی 26 گیارنٹی کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کی کامیابی سے دستور اور تحفظات محفوظ رہیں گے ۔ محبت اور بھائی چارگی کو فروغ حاصل ہوگا ۔ عوام کی فلاح و بہبود ہوگی اور فرقہ پرستی کا خاتمہ ہوگا ۔ اظہار خیال کی آزادی ہوگی جس طرح تلنگانہ میں حاصل ہے ۔۔ 2