نفرت کے سوداگروں کو مسلمانوں کا پیار بھرا پیغام

   

ضلع نرمل میں مسلم نوجوانوں نے کورونا سے فوت ہندو شخص کی آخری رسومات انجام دی
حیدرآباد :۔ مسلم نوجوانوں نے ذات پات ، مذہب سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع نرمل میں کورونا سے فوت ایک ہندو شخص کی آخری رسومات انجام دی ۔ ملک میں نفرت کی سیاست کرنے والوں کو جو ہمیشہ مسلمانوں کو ہندوؤں کا مخالف بتانے کی کوشش کرتے ہیں اور مسلمانوں کی حب الوطنی پر شک کرتے ہیں ایسے نفرت کے سوداگروں کو کورونا بحران کے دوران ملک کے مختلف مقامات پر کورونا سے فوت ہونے والے ہندو بھائیوں کو ان کے خونی رشتے دوست احباب اور فرقہ پرست تنظیموں کی جانب سے آخری رسومات کے لیے آگے نہ آنے پر مسلم نوجوان آگے بڑھ کر انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا سے فوت ہونے والے ہندو افراد کی آخری رسومات ان کے اپنے مذہبی رسم و رواج کے ساتھ انجام دیتے ہوئے پیار محبت اور انسانیت کا پیغام دے رہے ہیں ۔ مسلمانوں کے ہندوؤں کے ساتھ کی جانے والی انسانی ہمدردی کٹر فرقہ پرستوں کو نظر نہیں آرہی ہے اور نہ ہی گودی میڈیا ایسے خبروں کو عام کرتے ہوئے نفرت کے ماحول کو آپسی بھائی چارگی میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے اور نہ ہی نیشنل ٹیلی ویژن پر ایسے واقعات پر کوئی مباحث کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع نرمل کے کڈم منڈل میں واقع موضع لکشمی پور میں راگھوا ریڈی کی کورونا سے آج صبح موت واقع ہوگئی اس کی آخری رسومات انجام دینے کے لیے ارکان خاندان ، دوست احباب کوئی آگے نہیں آئے ۔ اطلاع ملتے ہی گاؤں کے پانچ مسلم نوجوان پی پی ای کٹس پہن کر ہندو مذہبی رسم و رواج کے مطابق راگھوا ریڈی کی آخری رسومات انجام دی ۔۔