نفع بخش یونٹوں کا انتخاب کریں

   

Ferty9 Clinic

دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ضلع کلکٹر کا مشورہ
کریم نگر : دلت بندھو مستفید افراد کو اپنے تجربہ و پیشہ کے مطابق سال بھر میں دوگنے منافع کی حصول یابی کے لئے آمدنی بخش یونٹوں کے انتخاب کا ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے مشورہ دیا۔ بروز منگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں حضورآباد اسمبلی حلقہ کے مستقر دلت بندھو اسکیم کے 15 استفادہ کنندگان اور افراد ، ضلع عہدیداران کے ہمراہ آگہی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلت بندھواسکیم کے تحت یونٹ کے انتخاب میں جلد بازی نہ کریں ، یونٹ کے انتخاب کے لئے ایک ہفتہ کا وقت درکار ہے۔ مستفید افراد کو بینک کے دلت بندھو اکاؤنٹ کھلوائے جائیں۔ دلت بندھو کے تحت یونٹوں کے انتخاب کے لئے افراد خاندان سے صلاح مشورہ کرنے اور نفع بخش یونٹوں کے انتخاب کی صلاح دی۔ یونٹوں کے انتخاب کے متعلقہ ضلع عہدیداران کے ذریعہ آگہی فراہم کی جائیگی۔ 10 تا 15 دنوں میں دیہی خودروزگار و تربیتی ادارے کے زیر قیادت فروغ پیشہ وارانہ مہارت کے لئے مفت تربیت کی فراہمی کی جائیگی۔ اس موقع پر اجلاس کو حاضر ہوئے 15 مستفید افراد میں چند نے ڈائری یونٹ ،گوڈس ٹریڈر، ٹراکٹر ٹریلر ، کار، سوپر بازار ،ٹیلرنگ ،ایمبرائیڈری، لیڈیز ایمپوریم یونٹ کے انتخاب کو ترجیح دی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر شیام پرساد لال , گریما اگروال , اسسٹنٹ کلکٹر میانک میتھل , ضلع انڈسٹری جنرل مینیجر نوین کمار , ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر چندراشیکھر , ضلع عہدیدار برائے بچھڑے طبقات نییل , ایل ڈی ایم لکشمن , آر ٹی سی مینیجر دتاترییا , نابارڈ اے جی ایم اننت ,مستفید دلتوں و دیگر نے شرکت کی۔