مبین کالونی مادنا پیٹ میں سنسنی ۔ ملزم کی تلاش جاری
حیدرآباد : /26 فبروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ مادنا پیٹ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم نقاب پوش نے 4 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ۔ مبین کالونی مادنا پیٹ میں آج صبح اولین ساعتوں میں یہ واقعہ پیش آیا اور سارے علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ فرقہ وارانہ نوعیت سے حساس اس علاقہ میں حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرلی اور افواہوں کے پیش نظر زائد فورس کو طلب کرلیا گیا ۔ مبین کالونی اور دیگر قریبی علاقوں میں پولیس نے گشت میں اضافہ کردیا ۔ بتایا گیاکہ مبین کالونی کے ساکن حمید علی نے جن کی موٹر سیکل کو نذر آتش کردیا گیا آج صبح اولین ساعتوں تقریباً 4 بجے دیکھا کہ ایک نقاب پوش نے علاقہ میں گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ۔ تباہ شدہ گاڑیوں میں ایک کار بھی شامل ہے اور وہ نقاب پوش کو پکڑا جاتا اس سے قبل وہ فرار ہوگیا تھا ۔ مقامی عوام نے جلتی گاڑیوں کو دیکھ کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس مادناپیٹ اطلاع کے بعد علاقہ میں پہونچ گئی اور عوام کے ساتھ آگ پر قابو پایا گیا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی آتش فرو عملہ بھی مبین کالونی پہونچ گیا ۔ پولیس نے عوام کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا اور علاقہ کے کیمروں کی جانچ جاری ہے ۔ مادنا پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع