نقصانات کی تفصیلات جلد حکومت کو پیش کرنے بھٹی وکرامارکا کی ہدایت

   

کھمم کے متاثرہ علاقوں کا دورہ، مہلوکین کے پسماندگان میں 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی تقسیم
حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین میں امداد تقسیم کی۔ بھٹی وکرامارکا نے سیلاب میں فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا چیک حوالے کیا۔ مدھیرا اسمبلی حلقہ میں پدماوتی نامی خاتون کی سیلاب میں موت واقع ہوگئی تھی۔ بھٹی وکرامارکا نے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا چیک حوالے کیا۔ انہوں نے مختلف متاثرہ مواضعات میں عہدیداروں کی جانب سے امدادی کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان حکومت کی امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ غذائی اجناس اور امدادی رقم کی تقسیم میں شفافیت کو برقرار رکھیں۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں سے کہا کہ نقصانات کے بارے میں رپورٹ جلد سے جلد تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں تاکہ مجموعی نقصانات کی رپورٹ مرکزکو پیش کی جاسکے۔ 1