چار افراد گرفتار ، سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔28 ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز) نقلی انجن آئیل کی تیاری میں ملوث چار رکنی ریاکٹ کو ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے بے نقاب کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں نقلی انجن آئیل ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 42 سالہ محمد نوراللہ خان جو بیگم بازار فیل خانہ کا ساکن ہے اور انجن آئیل کا کاروباری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ نور اللہ خان کم دام میں استعمال شدہ انجن آئیل خریدکر اس میں سرخ پاؤڈر اور دیگر اشیاء ملا کر نقلی انجن تیار کیا کرتا تھا اور اس نقلی آئیل کو پانچ لیٹر ، تین لیٹر اور ایک لیٹر کے بوتل بھر کر ان پر مشہور تیل کی کمپنیوں کے اسٹیکرس چسپاں کیا کرتا تھا ۔ اس کاروبار میں محمد نوراللہ خان نے محمد اسد ، محمد اظہر اور محمد سلطان کو بھی ساتھ رکھا اور نقلی انجن آئیل تیار کیا کرتا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے بہادر پورہ میں دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ افراد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں نقلی انجن آئیل اور بوتلیں سیل کرنے کیلئے استعمال کی جانے والی دو ایر گن کو بھی ضبط کرلیا ۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ پولیس بہادر پورہ کے حوالہ کردیا گیا ۔