نقلی اور مدت ختم ہونے والے ناکارہ بیجوں کی فروختگی کے خلاف کارروائی

   

Ferty9 Clinic

9 افراد گرفتار ، 2 کروڑ 6 لاکھ روپئے مالیتی نقلی بیج ضبط ، سائبر آباد پولیس کمشنر وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد :۔ سائبر آباد پولیس نے نقلی اور مدت ختم ہونے والی ناکارہ بیجوں کے خلاف کارروائی میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بڑے ذخیرہ کو بے نقاب کیا ۔ اس بڑی کارروائی میں 9 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 2 کروڑ 6 لاکھ روپئے مالیتی نقلی اور ناکارہ بیجوں کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شمس آباد اور بالا نگر زون کی اسپیشل آپریشن ٹیموں نے رنگاریڈی اور میڑچل ضلع کے اگریکلچرل عہدیداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی انجام دی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 4 مختلف مقدمات درج کرلیے گئے اور کپاس کی بیجوں کے بڑے ذخیرے کے علاوہ دیگر ترکاری اور دالوں پر مشتمل ناقص اور ناکارہ بیجوں کے ذخیرہ ضبط کیے گئے ۔ پولیس کی کارروائی میں 39 سالہ مہیش ساکن کرنول ، 37 سالہ جی روڈاتا ساکن گدوال ، 35 سالہ سی جیاانا ساکن گدوال ، 35 سالہ شیخ کالے شاہ ولی ساکن میڑچل ، 45 سالہ روی ساکن میڑچل ، 51 سالہ دیورنا چندر اور 39 سالہ شیخ غوث ساکنان مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایس او ٹی بالا نگر زون نے شیخ کالے شاہ ولی کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے 1.54 ٹن کپاس کے بیجوں کو ضبط کیا ۔ جو دو مختلف کمپنیوں کے نام سے تھے اور ان کے استعمال کی مدت ختم ہوچکی تھی ۔ جب کہ شمس آباد ایس او ٹی نے شاد نگر ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں ایک گاڑی کو ضبط کرلیا جس میں 1.5 ٹن کپاس کے بیج موجود تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مختلف کمپنیوں اور ایجنسیوں کے علاوہ ڈیلرس سے رابطہ کرتے ہوئے اس ٹولی کے ارکان مدت ختم ہونے والی ایکسپائری بیجوں کو حاصل کرتے تھے اور انہیں ایک مقام پر ذخیرہ کرنے کے بعد اس کی نئے انداز سے پیاکنگ کی جاتی تاکہ یہ بیج بالکل نئے دکھائی دیں اس طرح ان بیجوں کو مختلف ایجنٹس اور ڈیلرس کو فروخت کیا جاتا تھا ۔ اس طرح سے یہ دھوکہ باز ایک طرف حکومت اور دوسری طرف کسانوں کو بہت بڑا نقصان کررہے تھے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ نقلی بیجوں والی اس طرح کی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔