نقلی بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کی ہدایت

   

تاجروں کا پتہ دینے پر 5 ہزار کا انعام، چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) ریاست میں نقلی بیج کی فروخت میں اضافے پر قابو پانے کے لیے حکومت نے منفرد پیشکش کی ہے جس کے تحت نقلی بیج فروخت کرنے والے تاجروں کی اطلاع دینے پر 5 ہزار روپئے انعام دیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں یہ پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دھوکہ دینے والے تاجروں کے بارے میں اطلاع دینے والے کی تفصیلات راز میں رکھی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے زرعی شعبہ سے وابستہ مختلف مسائل اور کسانوں کو حکومت کی جانب سے فصلوں کے سلسلہ میں دی گئی گائیڈ لائینس پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نقلی بیج فروخت کرنے والے تاجروں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نقلی بیج کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان ہورہا ہے اور وہ فصلوں کی مناسب آمدنی سے محروم ہیں۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ نقلی بیج اور ملاوٹی کھاد فروخت کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اس سلسلہ میں پولیس سے تعاون حاصل کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسان نقصانات کو برداشت نہ کرتے ہوئے خودکشی کررہے ہیں۔ کے سی آر نے نقلی بیج فروخت کرنے والے تاجروں کو کسانوں نے قاتل قرار دیا اور عہدیداروں کو ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو نقلی بیج کی سربراہی سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔