نقلی تخم سے کسانوں کو چوکس رہنے کی ہدایت : ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا

   

پداپلی۔نقلی تخم سے چوکس رہنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کسانوں سے اپیل کی۔ نقلی تخم پر ضلع زرعی عہدیدار کے ہمراہ ضلع کلکٹر نے کیمپ آفس میں اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جاریہ سال موسم برسات میں 290000 ایکرس پر فصل کی کاشت کی توقع کی جارہی ہے۔ جن میں 2.05 لاکھ ایکر پر دھان اور 76 ہزار ایکر پر کپاس کی کاشت کی جائیگی۔ فصلوں کی کاشت کے لئے حکومت کی جانب سے منظور شدہ تخم ہی خریدا جائے۔ دیگر ریاستوں یا دیگر اضلاع سے تخم کی درآمد کے امکانات ہیں۔ اس ضمن میں کسانوں کو چوکس رہنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غیر منظور شدہ یا غیر معیاری تخم کی مسدودی کے لئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ضلع زرعی عہدیدار ، پولس اہلکار اور تخم تصدیقی عہدیداران کو دھاوے کرتے ہوئے نقلی تخم فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے اور پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔ نقلی تخم کی فروختگی کے خاتمہ کے لئے سخت اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلع زرعی عہدیدار نے مطلع کیا کہ فی الوقت محکمہ زراعت کے عہدیداران کے ہمراہ تنقیح ٹیم کا قیام عمل میں لاکر وقتًا فوقتًا تخم دکانات کا معائنہ کیا جارہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ ضلع میں نقلی تخم کی خریدو فروخت نہ ہو۔ تخم سے متعلق جاری کردہ ضوابط و قواعد پر عمل نہ کرنے والے ڈیلروں کے خلاف سخت کاروائی کا ضلع کلکٹر نے انتباہ کیا۔ کسانوں کو صرف ڈیلروں سے تخم کی خریدی کرنے اور رسید حاصل کرنے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی۔ نقلی تخم پر اگر کچھ معلومات ہوں تو فون نمبر 7288894110 پر اطلاع دینے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی اور واضح کیا کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی تفصیلات خفیہ رکھی جائیں گی۔