ریاستی وزیر سنگی ریڈی نرنجن ریڈی ویڈیو کانفرنس، ضلع کلکٹر اور عہدیداران کی شرکت
کریم نگر /17 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ریاست تلنگانہ ملک بھر کیلئے تخم کے ذخیرہ کے طور پر ابھررہاہے۔ جعلی تخم کی حمل و نقل پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر برائے زراعت، تعاون اور مارکیٹنگ سنگی ریڈی نرنجن ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت۔ بروز منگل حیدرآباد سکریٹریٹ سے وزیر زراعت سنگی ریڈی نرنجن ریڈی نے ڈی جی پی انجنی کمار، سکریٹری رگھونندن راؤ ، محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ضلع کلکٹروں ، ضلع زرعی عہدیداران اور ٹاسک فورس افسران کے ساتھ مانسون سیزن فصل کی منصوبہ بندی، تخم کی فراہمی اور جعلی تخم کی حمل و نقل کی روک تھام پر سمعی و بصری اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ محکمہ زراعت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور کسانوں اور کروڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں، گزشتہ 9 سالوں میں حکومت کی جانب سے شعبہ زراعت کیلئے تقریباً 4.5 لاکھ کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کیلئے بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اسکیمات و پالیسیوں کے نتیجے شعبہ زراعت میں بے مثال ترقی دیکھی گئی ، علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہوئے فصل کی پیداوار میں اضافے کے اقدامات ، کسانوں کووقت پر معیاری کھاد اور تخم فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسان موسم برسات کے مدنظر تخم اور کھاد کی مطلوبہ مقدار اسٹاک میں ذخیرہ رکھیں ، موصوف نے کہا کہ حکومت کے سخت اقدام کے باعث موجودہ وقت مارکیٹ میںنقلی تخم کو تقریباً ناپید کیا جاچکا ہے لیکن مزید نقلی تخم کی حمل و نقل پر نظر ثانی کیلئے اضلاع کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ کے قیام کے ساتھ نگرانی کے انتظام کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھرمیں تقریباً 60 فیصد تخم کی فراہمی ریاست تلنگانہ سے کی جارہی ہے اور ریاست تلنگانہ ملک کا سیڈ بینک بن کر ابھررہا ہے۔ اس اجلاس میں ڈی آئی جی رمیش، ضلع کلکٹر آر وی کرنن، پولیس کمشنر سبارائیڈو، ٹرینی کلکٹر لینن وتسل ٹوپو، ٹریننگ جوائنٹ کلکٹر نوین نکولس، ضلع زرعی عہدیدار سریدھر، ضلع باغبانی افسر سرینواس و دیگر نے شرکت کی۔