نقلی سونا فروخت کرنے کی کوشش، 4دھوکے باز گرفتار

   


حیدرآباد۔ دھوکہ کے بعد دھوکہ دینے والے افراد اور شاطر شخص کو اسپیشل آپریشن ٹیم نے بے نقاب کردیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ ایس اوٹی شمس آباد نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک مفرور بتایا گیا ہے جو نقلی شئے کو سونابتاکر فروخت کررہے تھے اور عوام کو آدھی قیمت کا لالچ دے کر دھوکہ دے رہے تھے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 65 سالہ سید دستگیر احمد پیشہ سے آر ایم پی ڈاکٹر ساکن ملے پلی، 46 سالہ شیخ حفیظ ساکن چارمینار، 50 سالہ علی اکبر طیبی ساکن چھتہ بازار اور 46 سالہ مرزا عباس علی سجاد ساکن میر عالم منڈی کو گرفتار کرلیا جبکہ 48 سالہ عبدالفہیم ساکن یاقوت پورہ مفرور بتایا گیا ہے۔ سجاد اور علی اکبر نقلی سونے کو کم قیمت میں فروخت کررہے۔ایک شخص کو اپنی جعلسازی کا شکار بناکر ان دونوں نے نقلی سونا فروخت کیا۔ متاثرہ شخص کی شکایت کے بعد پولیس نے سجاد اور علی اکبر کو حراست میں لے لیا جس کے بعد اس کیس سے جڑے دیگر افراد بھی منظر عام پر آئے۔ سجاد کی والدہ کو برے خواب آنے لگے تھے جس کا ذکر اس نے علی اکبر سے کیا اور دونوں نے فہیم سے تذکرہ کیا جس کے بعد فہیم کے ذریعہ بات دستگیر تک پہنچی اور تمام نے سجاد کے مکان کا دورہ کیا۔ دستگیر نے یہ کہانی تیار کی اور بتایا کہ برے خواب مکان میں دفینہ کی پیش قیاسی کررہے ہیں جس کے بعد مکان میں 5 مقامات پر کھدوائی کی گئی اور اس دوران کچھ حاصل نہ ہونے پر توجہ ہٹاکر آر ایم پی ڈاکٹر نے نقلی سونا رکھ دیا اور اصل دفینہ ظاہر کرتے ہوئے سونا سجاد کے حوالے کردیا۔ سجاد نے سونا دیکھتے ہی اس کو نقلی قرار دیا لیکن ڈاکٹر نے اسے اپنی باتوں میں ڈال دیا کہ اگر وہ سونے کو نہ دیکھتا تو وہ اصل رہتا تھا دیکھنے سے نقلی ہوگیا جس کے بعد سجاد اور علی اکبر نے اس نقلی سونے کو کم قیمت پر فروخت کرنے کا لالچ بتاکر عوام کو دھوکہ دینا شروع کردیا۔ جنہیں پولیس نے گرفتار رکرلیا اور مفرور کی تلاش جاری ہے۔