نقلی سگریٹ کا ریاکٹ بے نقاب

   

ایک شخص گرفتار، 11 لاکھ کے سگریٹس ضبط
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے نقلی گولڈ فلیک سگریٹ کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور نقلی گولڈ فلیک سگریٹ فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے انسپکٹر خلیل پاشاہ کی قیادت میں کارروائی انجام دی۔ شاہ عنایت گنج اور سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس نے بیگم بازار علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 50 سالہ کمل کشور اگروال ساکن بیگم بازار متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا۔ اس شخص کے قبضہ سے 11 لاکھ 22 ہزار روپے مالیتی نقلی گولڈ فلیک سگریٹ کے ذخیرہ کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے کارروائی میں 6600 پیاکٹس کو ضبط کیا۔ پولیس کے مطابق کمل کشور اگروال بیگم بازار علاقہ میں سری رام اگرس کے نام سے کرانہ دوکان چلاتا ہے جو سلسار راجستھان کا متوطن ہے۔ چوڑی بازار علاقہ میں کرانہ دوکان چلانے والے اس ملزم نے زائد آمدنی کے لئے نقلی سگریٹ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق 2 ماہ قبل اس نے دہلی کا دورہ کیا اور نقلی گولڈ فلیک سگریٹ فروخت کرنے والے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا۔ کم قیمت میں نقلی سگریٹ خرید کر حیدرآباد میں ان سگریٹس کو زائد قیمتوں میں فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ کمل اگروال خانگی ٹرانسپورٹس کے ذریعہ نقلی سگریٹس منگوایا کرتا تھا اور ان سگریٹس کو اپنی کرانہ دوکان میں ذخیرہ کررکھا تھا جو ان سگریٹس کو چھوٹے تاجروں اور پان شاپ مالکین کو فروخت کررہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ نقلی تمباکو سے ان نقلی سگریٹس کی تیاری کی جاتی ہے اور بڑے معروف برانڈس کا نام استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لئے خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار شخص کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ مزید کارروائی کے لئے شاہ عنایت گنج پولیس کے حوالے کردیا۔ ع