حیدرآباد۔ نقلی پے ٹی ایم ایپ کے ذریعہ پرانے شہر کے تاجرین کو دھوکہ دینے والے 8 دھوکہ بازوں کو ساؤتھ زون پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 افراد بشمول دو طلباء نے گوگل پلے اسٹور کے ذریعہ
Paytm Spoof
ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے پرانے شہر کی مختلف دکانات میں خریدی کیا کرتے تھے۔ ملبوسات، زیورات، گروسیری اسٹورس اور اسپورٹس شاپس میں شاپنگ کرنے کے بعد دکانات کے مالکین کو بلز کی رقم بذریعہ پے ٹی ایم ادا کرنے کیلئے اصرار کیا کرتے تھے۔ دھوکہ بازوں نے پی ٹی ایم اسپوف ایپ کے ذریعہ دکانداروں کو دھوکہ دیتے ہوئے وہاں سے اشیاء لے کر فرار ہوجایا کرتے تھے اور چند دنوں بعد دکانداروں کو اس بات کا علم ہوتا تھا کہ انہیں پے ٹی ایم کے ذریعہ بل کی ادائیگی کے بہانے سے دھوکہ دیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ گرفتار افراد میں محمد مصطفی حسین مذکر، سید عامر حسین، سید الیاس، سید واجد علی، حفیظ رانا، محمد سلمان ، محمد عبدالشاہد اور محمد یوسف شامل ہیں جنہوں نے علاقہ کنچن باغ ، چندرائن گٹہ اور میر چوک علاقہ میں دکانداروں کو دھوکہ دیا ہے۔