نقلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

دو افراد گرفتار، ڈی سی پی شمس آباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم نے نقلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران مسٹر نارائن ریڈی ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد نے بتایا کہ ایس او ٹی پولیس نے نقلی نوٹ تیار کرنے والی ٹولی کا پردہ فاش کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی سی پی ایس او ٹی ایم اے رشید کی قیادت میں ایس او ٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد 37 سالہ رنجیت سنگھ اور 43 سالہ موہن راؤ ساکنان انکاپلی آندھراپردیش کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد سابق میں اپنا مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں جو ایک سے زائد مقدمات میں ملوث پائے گئے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ فوٹوشاپ اپلیکیشن کا استعمال کرتے ہوئے یہ افراد نقلی کرنسی نوٹ تیار کررہے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 8 لاکھ 55 ہزار روپئے کی نقلی کرنسی نوٹ کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد نے بتایا کہ 2 لاکھ روپئے اصل کرنسی کے بدلے 6 لاکھ روپئے کی نقلی کرنسی نوٹ یہ لوگ دیا کرتے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے الیکٹرانک اشیاء، اسمارٹ فونس، پرنٹر، مانیٹر و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ یہ ٹولی ان نقلی کرنسی نوٹوں کو جنوبی ہند کی ریاستوں کرناٹک، ٹاملناڈو، آندھراپردیش اور تلنگانہ میں چلارہے تھے۔ رات کے اوقات چھوٹے تاجرین بالخصوص ترکاری و میوہ فروش افراد اور ریتو بازاروں میں ان نقلی نوٹوں کو چلایا جاتا اور چھوٹے تاجرین کو دھوکہ دے رہے تھے۔ پولیس اس ٹولی کے متعلق مزید تحقیقات کررہی ہے۔ع