نقل نویسی کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات

   

میدک میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے انتظامات کا جائزہ ، ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ضلع میدک میں انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا 27 فروری سے آغاز ہوگا ۔ یہ امتحانات مارچ کی 13 تاریخ تک جاری رہیں گے ۔ امتحانات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر تیاریاں جاری ہیں ۔ پورے ضلع میں ان امتحانات کے لیے 29 مراکز قائم کئے جائیں گے ۔ جملہ 15273 امیدواروں کی شرکت ہوگی ۔ ضلع جوائنٹ کلکٹر میدک مسٹر جی ناگیش نے عہدیداروں کے ایک اجلاس میں ان باتوں کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ضلع کے مراکز پر ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی ، بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر دفاتر کے عہدیدار اور وہ خود دورہ کرتے رہیں گے ۔ تاکہ کہیں بھی کوئی نقل نویسی کے واقعات پیش نہ آئیں ۔ تمام مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہوگی ۔ ہر مرکز پر محکمہ صحت کی جانب سے ادویات کے مرکز رکھے جائیں گے ۔ جہاں میڈیکل عملہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو کسی بھی قسم کی مشکلیں پیش نہ آئیں ۔ ڈپارٹمنٹل آفیسرس ، مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹس کو چاہئے کہ اس امر کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے طلبہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی سنٹرس کو نصف گھنٹہ قبل پہونچ جائیں ۔ امتحانات کے اوقات 9 تا 12 بجے ہوں گے ۔ امیدواروں کے ہمراہ سیل فونس ، کیالکولیٹرس نہ ہونا چاہئے اور مراکز کے قریب 144 سیکشن کا نفاذ رہے گا اور امتحانی مراکز کے قریب میں واقع زیراکس سنٹرس کو بند رکھنا ہوگا ۔ اجلاس میں موجود ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ بورڈ آفسر مسٹر سوریہ پرکاش نے کہا کہ ہر مرکز پر سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ 14 سرکاری کالجس ، 13 خانگی کالجس کے علاوہ سوشیل ویلفیر کالجس پر امتحانات ہوں گے ۔ 29 ڈپارٹمنٹل آفیسرس ، 29 چیف سپرنٹنڈنٹس کو مقرر کیا جارہا ہے ۔ فلائنگ اسکواڈس کے علاوہ سیٹنگ اسکواڈس بھی ہوں گے ۔ اس اجلاس میں ڈی آر او سیتاراما راؤ ضلع ہیلت آفیسر وینکٹیشور راؤ ، آر ای او گنیش ، آر ٹی سی ڈی ایم ذاکر حسین کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔۔