اجمیر، 17 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی معاملوں کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی آئندہ ماہ راجستھان کے اجمیر میں خواجہ غریب نواز یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اجمیر درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان نے بتایا کہ مسٹر نقوی مارچ کے شروع میں درگاہ کمیٹی کا ڈریم پروجیکٹ ولي ہند خواجہ معین الدین حسن چشتی کے نام پر بننے والی خواجہ غریب نواز یونیورسٹی کی بنیاد 80 بیگھہ اراضی پر رکھیں گے ۔ پروگرام کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے ۔ مسٹر پٹھان نے بتایا کہ اس کے لئے درگاہ کمیٹی نے زور شور سے تیاریاں شروع کر دی ہیں. یونیورسٹی کا منصوبہ اترپردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرز پر تیار کیا گیا ہے تاکہ تمام طرح کے یو جی سی سے متعلق کورسو ں کی تعلیم یہاں دی جا سکے ۔ ساتھ ہی اکیڈمی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم کھیل جیسے شعبہ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے ۔ قائم ہونے والی نئی یونیورسٹی کی ابتدائی تیاری اس طرح کی جا رہی ہے کہ پرائمری میں داخلہ لینے والا طالب علم یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرکے ہی باہر نکلے ۔