نلسار یونیورسٹی میں محمد عبدالماجد کا داخلہ قابل فخر

   

والد سی آر پی ایف کمانڈنٹ عبدالمجید رضوان کی جناب زاہد علی خاں سے ملاقات
حیدرآباد: قومی سطح کے CLAT امتحان میں کامیابی کے بعد حیدرآباد کی باوقار نلسار یونیورسٹی آف لا میں محمد عبدالمجید رضوان کمانڈنٹ سی آر پی ایف (کشمیر) کے فرزند کو داخلہ ملنے پر انہوں نے مسرت کا اظہار کیا ۔ مسٹر رضوان نے آج اپنے فرزند محمد عبدالماجد کے ہمراہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ان کے دفتر پر ملاقات کی۔ اس موقع پر مسٹر رضوان نے کہا کہ نلسار یونیورسٹی آف لا حیدرآباد کی ہی نہیں بلکہ ملک کی باوقار یونیورسٹی ہے اور اس میں داخلہ ملنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ یونیورسٹی میں داخلہ ملنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا کہ ایم بی بی ایس امتحان میں کامیابی کے بعد کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ ملنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے فرزند کو پانچ سالہ بی اے ایل ایل بی کورس میں داخلہ ملا ہے۔ محمد عبدالمجید رضوان جو سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ ہیں اور ان کا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے لیکن انہیں کشمیر میں ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست نے یہ کہا کہ حیدرآباد کے مسلم نوجوان اس قسم کے باوقار یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے قوم و ملت کیلئے ایک اچھے وکیل بنیں۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ نلسار یونیورسٹی کی تعلیم کا معیار اعلیٰ ہے اور ملک کے کئی ماہرین قانون اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔