نلوں کو موٹر لگانے پر 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرنے کاانتباہ

   

15 اپریل سے خصوصی مہم کا آغاز ‘2 دن میں ایپ دستیاب‘ ایم ڈی واٹر ورکس کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے مینیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے موسم گرما کے پیش نظر نلوں کو موٹر لگاکر پانی حاصل کرنے پر 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرکے موٹر ضبط کرنے کا انتباہ دیا۔ اسی طرح تیسری بار پکڑے جانے پر نل کا کنکشن منقطع کردیا جائے گا۔ واٹر ورکس ایم ڈی نے بورڈ ہیڈآفس پر اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے پانی کی سربراہی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اشوک ریڈی نے کہا کہ شہر کے دور دراز علاقوں میں پانی کم پریشر میں سربراہ ہونے یا پانی سربراہ نہ ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ بعض افراد کی جانب سے نلوں کو موٹر لگاکر پانی حاصل کرنے اور پینے کے پانی کو دیگر اغراض و مقاصد کی تکمیل کیلئے بھی استعمال کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں زیرزمین پانی کی کمی ہورہی ہے جس سے واٹر ٹینکر کے ڈیمانڈ میں اضافہ ہورہا ہے۔ نلوں کو موٹر لگانے کی وجہ سے لو لیول علاقہ میں پانی نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ انہیں شکایتیں موصول ہورہی ہیں کہ 60% نلوں کو موٹر لگائی جارہی ہے۔ مابقی 40% نلوں میں 20% نلوں کو پانی معمول کے مطابق حاصل ہورہا ہے۔ مزید 20% نلوں میں لو پریشر پانی مل رہا ہے۔ میٹرو کسٹمر سنٹرس کو روزانہ فون پر سینکڑوں شکایتی فون کالس مل رہے ہیں۔ اشوک ریڈی نے کہا کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعہ تحقیقات کرائی گئی جس میں پتہ چلا کہ مارکٹ میں دستیاب لیٹسٹ آٹومیٹک موٹرس استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے 15 اپریل سے اس کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ نلوں کو موٹر لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے بورڈ سے خصوصی ایپ تیار کیا گیا۔ آئندہ دو دنوں میں یہ ایپ عوام کیلئے دستیاب رہے گا۔ اس ایپ کے علاوہ بورڈ کے کسٹمر کیر نمبر 155313 پر بھی عوام شکایات درج کراسکتے ہیں۔ 2