رکن قومی اقلیتی کمیشن سیدہ شہزادی کے رویہ پر مسلم سیاسی و سماجی قائدین کا اعتراض اور اجلاس کا بائیکاٹ
نلگنڈہ ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قومی اقلیتی کمیشن محترمہ سیدہ شہزادی کے دورہ نلگنڈہ اور دفتر ضلع کلکٹریٹ میں 15 نکاتی پروگرام کے بعد تمام اقلیتوں کے مسائل سے واقفیت کیلئے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس میں کچھ دیر کیلئے افراتفری کا ماحول پیداہوگیا ، بعد ازاں مسلم اقلیتوں نے جس میں تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں، نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔ تفصیلات کے بموجب اجلاس کے آغاز پر اقلیتی نمائندوں نے مسائل پیش کی۔ محمد سلیم سابق رکن بلدیہ سی پی ایم قائد مسائل پر مشتمل طویل فہرست پیش کرنے پر رکن کمیشن نے اعتراض کیا ۔ اسی دوران مباحثہ کا آغاز ہوگیا جس پر محمد سلیم کو اجلاس سے باہر جانے کو کہا گیا جس پر تمام سیاسی قائدین نے اعتراض کرتے ہوئے رکن کمیشن کے رویہ پر ناراضگی ظاہر کر رہے تھے کہ اچانک رکن کمیشن کے پرسنل اسسٹنٹ اور صدر مجلس کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور اجلاس افراتفری کا شکار ہوگیا اور تمام سیاسی جماعتوں کے مسلم قائدین نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ۔ اسی دوران پولیس کی بھاری تعداد تھی ،جوائنٹ کلکٹر نلگنڈہ نے کانفرنس ہال پہنچ کر دوبارہ اجلاس کا آغاز کروایا جس میں کرسچن ، سکھ ، عیسائی کے علاوہ مواضعات سے آئے مسلم قائدین جو بتایا گیا ہے کہ وہ بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں، اپنے اپنے مسائل سے رکن کمیشن کو واقف کروایا ۔ اجلاس کے اختتام پر رکن کمیشن سیدہ شہزادی بیگم نے ضلع پولیس سے شکایت کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی خواہش کی ۔ اس اجلاس میں آر ڈی او نلگنڈہ مسٹر چندرا ریڈی ضلع اقلیتی بہبود آفیسر مسٹر بالکرشنا کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ اطلاع ہے کہ صدر مجلس مسٹر رضی ا لدین اور سی پی ایم قائد محمد سلیم بھی پولیس سے شکایت کی ہے۔