نلگنڈہ اور سوریا پیٹ کے میڈیکل کالجس میں 1036 جائیدادوں کی منظوری

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں نو قائم شدہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس اور جنرل ہاسپٹلس میں مختلف زمروں میں 1036 جائیدادوں کی منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری محکمہ فینانس کے رام کرشنا رائو نے احکامات جاری کیئے۔ جن جائیدادوں کو منظوری دی گئی ان میں 132 اسسٹنٹ پروفیسرس، 904 پیرا میڈیکل اور نان میڈیکل گزیٹیڈ پوسٹس شامل ہیں۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے ذریعہ راست رکروٹمنٹ اور ڈپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کے تحت تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ سوریا پیٹ اور نلگنڈہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس اور ہاسپٹلس کے لیے الترتیب 518 ، 518 جائیدادوں کو منظوری دی گئی۔ ایک کالج کے لیے جو جائیدادیں منظور کی گئیں ان میں اسسٹنٹ پروفیسر 66، لیاب ٹیکنیشین 37، اسٹور کیپر /کلرک /کمپیوٹر 22، فزیوتھیراپسٹ 2، ویڈیو گرافک ٹیکنیشن 8، انیستھیسیا ٹیکنیشین 6، ڈینٹل ٹیکنیشین 4، آڈیو ویژول ٹیکنیشن 3، اسٹاف نرس 328، فارماسسٹ 12، جونیئر اسسٹنٹ 21 کے علاوہ ای سی جی ٹیکنیشین، چائلڈ سائیکالوجسٹ، آڈیو میٹری ٹیکنیشین، اسپیچ تھیراپسٹ، آپٹیشن، لائبریرین، فوٹو گرافر، بائیو میڈیکل انجینئر اور بایو میڈیکل ٹیکنیشین کی ایک ایک جائیداد شامل ہے۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن جائیدادوں پر تقررات کے لیے ضروری قدم اٹھائیں گے اور رول آ ف ریزرویشن پر عمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صدارتی حکم نامہ اور سرویس رول بھی متعلقہ عہدوں کے لیے قابل عمل رہیں گے۔ محکمہ صحت و فیملی ویلفیر ڈپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کے قیام کے لیے خصوصی احکامات حاصل کرے گا۔ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں مکمل شفافیت برتنے کی ہدایت دی ہے۔