نلگنڈہ: حضرت سید شاہ لطیف اللہ قادریؒ کے عرس کا آج سے آغاز

   

آج صندل ، جمعہ کو جلسہ سیرت النبیؐ ، ہفتہ کو محفل سماع، متولیان کا بیان

نلگنڈہ یکم / نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت سید شاہ لطیف اللہ قادری ؒ موقوعہ کوہ شمالی نلگنڈہ مستقرکے سہ روزہ عرس تقاریب کا 2نومبر بروز جمعرات سے آغاز ہوگا یہ بات متولیان و انعامدار درگاہ شریف سید رشید قادری،سید سمیع اللہ قادری، سید عبیداللہ قادری، سید سلمان قادری، سید اویس قادری و برادران نے اپنے ایک مشترکہ صحافتی بیان میں بتائی۔ انہوں نے عرس تقاریب کی تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ2 نومبر بروز جمعرات بعد نماز فجر مزار ممدوح کو عرق گلاب ،صندل و عطریات سے غسل دیا جائیگا اور تبدیلی غلاف مبارک کی رسم کی ادائیگی کے بعد فاتحہ خوانی ہوگی اور سلام حضور کونین ﷺ گزرانا جائیگا بعد عصر مدینہ مسجد نزدکلاک ٹائور میں بعد مجلس درود و قرآن خوانی و فاتحہ خوانی اور بعد سلام کے صندل مبارک جلوس برآمد ہوگا اور یہ جلوس نلگنڈہ کے مختلف چوراہوں سے گذرتا ہوا رات نو بجے کے قریب دامن کوہ شمالی پہنچے گا جہاں پر حسب روایت ضلع کلکٹر نلگنڈہ،صدر عرس کمیٹی و رکن اسمبلی نلگنڈہ،رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ،ضلع مہتمم پولیس نلگنڈہ ،صدر نشین ضلع پریشد ،متولیان درگاہ اوردیگر ہندومسلم سیاسی و سماجی قائدین صندل مبارک کا استقبال کرتے ہوئے درگاہ کے لیئے روانہ کریں گے اور درگاہ شریف پر متولیان درگاہ مراسم مالی و مذہبی انجام دیںگے /3 نومبر قبل از نماز جمعہ مسجد اول تعلقداری میں ایک عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ﷺ و عظمت اولیاء کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور بعد نماز کے مجلس قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی اور تبرکات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بعد نماز جمعہ دامن کوہ شمالی میں واقع مسلم شادی خانہ میں متولیوں کی جانب سے طعام عام کا اہتمام کیا جائیگا۔اور بعد مغرب درگاہ شریف پر محفل چراغاں ہوں گے اور دامن کو شمالی میں عظیم الشان جلسہ عظمت اولیاء منعقد ہوگا /4 نومبر بروز ہفتہ نو بجے شب دامن کوہ شمالی میںمحفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔متولیان درگاہ نے عوام الناس سے خواہش کی کہ کثیر تعداد میں شریک ہوں۔