اتم کمار ریڈی کا تیقن، مریال گوڑہ منڈل پریشد اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے مریال گوڑہ منڈل پریشد کے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم کی سہولتوں کی کمی کے نتیجہ میں دیہی علاقوں میں غریب طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے منڈل ایجوکیشن آفیسر اور مقامی نمائندوں کی اس رائے سے اتفاق کیا کہ دیہی علاقوں میں طلبہ کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ طلبہ میں کورونا ٹیکہ اندازی کی انجام دہی کے ذریعہ کوویڈ قواعد پر عمل آوری کے ساتھ اسکولوں کا دوبارہ آغاز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریال گوڑہ منڈل میں ابھی تک صرف 10 فیصد افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی۔ ایم پی ٹی سی، سرپنچوں اور دیگر مقامی نمائندوں کو اتم کمار ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ فنڈز اور دیگر مسائل کے سلسلہ میں نلگنڈہ ضلع کلکٹر سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری پروگراموں میں پروٹوکول کی پابندی کی جائے اور عوامی نمائندوں کا مکمل طور پر احترام ہونا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے ضلع نلگنڈہ کی تمام میونسپلٹیز کے مسائل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے وہ مرکز سے فنڈز کے حصول کی کوشش کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ وہ سڑکوں اور قومی شاہراہوں کی تعمیر کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کرچکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا کی موجودہ صورتحال میں بہتری کے پیش نظر اسکولوں کی کشادگی کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ اور ان کے سرپرست بھی چاہتے ہیں کہ کوویڈ قواعد کے ساتھ اسکولوں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ میں ٹیکہ اندازی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔