حیدرآباد۔ نلگنڈہ کے پیدا اڈیچرلا پلی منڈل انگڈی پیٹ کے قریب آج شام ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں چھ مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تیز رفتار کنٹینر نے مزدوروں کو منتقل کرنے والے آٹو کو ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں چھ مزدور برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 10 مزدور زخمی ہیں۔ چند مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی اندیشہ ہے ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک آٹو کے ذریعہ 20 مزدور واپس ہو رہے تھے ۔ مہلوک اور زخمی مزدور چنتا باوی گاوں کے ساکن بتائے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ مزدوروں کے بعد گھر واپس ہو رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ زخمیوں کو دیورکنڈہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام حادثہ پر پہونچ گئی اور مقامی عوام کی مدد سے زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر دیکھے گئے۔