نلگنڈہ میں تمام اہل معذورافرادکو مرحلہ واربیٹری سائیکل کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic

معذورین کومعاشی طورپر خودکفیل بنانے کا منصوبہ ۔ضلع کلکٹرایلاترپاٹھی کاخطاب

نلگنڈہ۔24؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نلگنڈہ ایلا ترپاٹھی نے اعلان کیا ہے کہ نلگنڈہ ضلع کے تمام اہل معذور افراد کو مرحلہ وار بیٹری سے چلنے والی ٹرائی سائیکلیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ انہیں خود مختار اور معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔وہ آج بطور مہمانِ خصوصی ضلع مستقر میں واقع ٹی ٹی ڈی سی میں ای سی آئی ایل کے تعاون سے ڈسٹرکٹ معذورویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام معذور افراد میں بیٹری سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کی تقسیم کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پرجاوانی اور دیگر مواقع پر موصول ہونے والی درخواستوں کے پیشِ نظر ای سی آئی ایل انتظامیہ سے بات چیت کی گئی جس کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں ضلع کے 105 معذور افراد کو بیٹری سے چلنے والی موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں سے 50 موٹر سائیکلیوں کی تقسیم کی گئی۔ضلع کلکٹر نے معذور افراد سے اپیل کی کہ وہ ان سہولیات کا بہتر استعمال کریں کیونکہ ان کا مقصد معذور افراد کو روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کلکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلع میں معذور افراد کا تفصیلی سروے کرایا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ نلگنڈہ ضلع میں تقریباً 55 ہزار معذور افراد ہیں اور ان میں سے بڑی تعداد کو مختلف اقسام کے امدادی آلات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس تعاون پر ای سی آئی ایل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ضلع کے لیے مزید تعاون فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے خاص طور پر دور دراز قبائلی علاقوں میں بچیوں کے لیے بیت الخلاء کی تعمیر خون کی کمی سے بچاؤ، غذائیت اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی باقاعدہ تجاویز پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع ریاست کا سب سے بڑا اور ایک بڑی قبائلی آبادی والا ضلع ہے۔ مزید برآں معذور افراد کو تھری وہیلر اور دیگر مصنوعی اعضاء کی ضرورت کے پیشِ نظر ایک علیحدہ سروے کیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ALINCO اور ای سی آئی ایل کو پیش کی جائے گی تاکہ مزید تعاون حاصل کیا جا سکے۔اختتام پر ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی اور ای سی آئی ایل کے سی ایم ڈی انوراگ کمار نے معذور افراد میں بیٹری سے چلنے والی تین پہیوں والی سائیکلیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ای سی آئی ایل کے ڈپٹی جنرل منیجر سنیل کمار، ٹیکنیکل آفیسر سمبامورتی، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سرینواس ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر ماترونائک ڈی آر ڈی او شیکھر ریڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بکشاپتی ڈپٹی ڈی ایم ایچ ڈاکٹر کلیان ڈاکٹر روی شنکر اور دیگر متعلقہ افسران و معززین موجود تھے۔