حیدرآباد : ضلع نلگنڈہ میں دو بھائیوں کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ ستیہ نارائنا اور 34 سالہ انجی کا بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ کل رات جب یہ دو بھائی اپنے مکان کے صحن میں سورہے تھے، ان پر قاتلوں کی ٹولی ٹوٹ پڑی اور ان کا قتل کردیا۔ حالت نیند میں ان دونوں بھائیوں پر کلہاڑی اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سال قبل یہ دونوں روہت نامی مقامی نوجوان کے قتل کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ چھوٹے بھائی کی بیوی سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں ان دو بھائیوں نے یہ واردات انجام دی تھی۔ عدالت میں اس کیس کا مقدمہ زیردوران ہے۔ اس کیس کے سلسلہ میں دو بھائی ہری اور انجی جیل سے حالیہ دنوں رہا ہوئے تھے۔ کل عدالت میں کیس کی سنوائی ملتوی ہونے کے بعد تینوں بھائی گھر پہونچے۔ تینوں بھائیوں کی موجودگی کی اطلاع پر مخالف گروپ کی جانب سے حملہ کرتے ہوئے دو بھائیوں کو ہلاک کرنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس کیس کی نگرانی کررہے ہیں۔