حیدرآباد 14 جنوری (پی ٹی آئی) ضلع نلگنڈہ میں جانوروں اور پرندوں کو پکڑنے کے لئے نصب کردہ ایک پنجرہ نما پھندہ میں ایک چیتہ پھنس گیا جس کو شہر کے نہرو زوالوجیکل پارک سے وابستہ ٹکیم نے بچالیا۔ جو محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے اطلاع موصول ہونے کے بعد ضلع کے اگیلا پورم تانڈا پہونچے تھے اور پھندہ میں پھنسے ہوئے چیتہ کو بیہوشی کا انجکشن دیتے ہوئے قابو میں کرلیا اور بحفاظت حیدرآباد کے زو کے وٹرنری ہاسپٹل کو منتقل کیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نر چیتہ جس کی عمر تقریباً پانچ سال ہے مقامی کسان کی طرف سے جنگلی خنزیروں کو پکڑنے کے لئے لگائے گئے پھندہ میں پھنس گیا تھا۔ نہرو زو پارک میں حیوانات کے دواخانہ میں اس کے زخموں کا علاج کیا گیا جہاں اب اس کی حالت بہتر ہے۔