نلگنڈہ میں ڈگری کالج کے قیام کو چیف منسٹر کی منظوری

   

مختلف آبپاشی اسکیمات کیلئے بھاری رقومات مختص
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع نلگنڈہ میں مختلف آبپاشی اسکیمات کیلئے بھاری رقم جاری کی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں 5 علحدہ جی اوز جاری کئے گئے۔ ضلع نلگنڈہ میں چٹیالہ موضع کے قریب بلنے پلی چمپلا تانڈا لفٹ اریگیشن اسکیم کے لئے 219 کروڑ 90 لاکھ روپئے کی منظوری دی گئی ہے۔ پرنسپل سکریٹری اریگیشن ڈاکٹر رجت کمار نے انجینئر اِنچیف اریگیشن کو پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ جی او آر ٹی 298 کے تحت واڈا پلی لفٹ اریگیشن اسکیم کیلئے 229 کروڑ 25 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ حکومت نے کیشو پورم ضلع نلگنڈہ کے قریب موسی ریور پر لفٹ اریگیشن اسکیم کے کاموں کیلئے 75 کروڑ 93 لاکھ روپئے منظور کئے۔ اس اسکیم سے 5875 ایکر کو پانی سیراب کیا جاسکے گا۔ حکومت نے نلیکل موضع کے قریب ناگرجنا ساگر ذخیرہ آب کے تحت آبپاشی اسکیم کے لئے 72 کروڑ 16 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع نلگنڈہ کے ہالیا علاقہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ڈگری کالج کے آغاز کیلئے تمام ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔