قبل از وقت پولیس سے اجازت لازمی ، ایس پی رنگاناتھ کا سخت اقدام
حیدرآباد۔کورونا وائرس کے بڑھتے مریضو ںکی تعداد کو دیکھتے ہوئے سپرنٹنڈٹ آف پولیس نلگنڈہ مسٹر رنگاناتھ نے کسی بھی تقریب کے انعقاد کیلئے پولیس سے اجازت کے حصول کا لزوم عائد کیا ہے۔ ضلع نلگنڈہ میں ایس پی نے کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ضلع میں کسی بھی طرح کی تقاریب منعقد نہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو کوئی تقریب منعقد کرنی ہے تو انہیں پہلے محکمہ پولیس سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ انہو ںنے بتایا کہ کئی مقامات پر تقاریب میں شرکت کرنے والوں کوکورنا وائرس اور تقاریب کے مائکرو کلسٹر میں تبدیل ہونے کی اطلاعات کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ہے اورمقامی عوام کو اس بات کی تاکید کی کہ وہ کسی بھی طرح کی تقریب کے انعقاد کے لئے لازمی طور پر پولیس سے اجازت حاصل کریں جس کے بعد ہی محکمہ پولیس کی جانب سے تقریب کے انعقاد کی اجازت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے تمام ڈی ایس پیز اور دیگر ماتحت عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کی کہ وہ کسی بھی تقریب میں 50 افراد سے زیادہ کی شرکت کی اجازت فراہم نہ کریں اور جن تقاریب میں 50 سے زائد افراد شریک ہو رہے ہیں ان کے داعی اور مہمانوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے ۔اور اس پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہو ں نے واضح کیا کہ 50 افراد پر مشتمل تقریب کے انعقاد کیلئے بھی محکمہ پولیس سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا اور اگر بغیر اجازت کوئی تقریب منعقد کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔